مریم کا سوال، سپریم کورٹ کب تک خان کو کھلی چھٹی دے گی؟

نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جو کر رہے ہیں وہ فساد ہے جسے روکنا جہاد ہے اور وہ اسٹیبلشمنٹ میں اس نمبر کو ڈھونڈ رہا ہے جو بدل گیا ہے۔مریم نواز نے مری میں خیبرپختونخوا سوشل میڈیا ٹیم کے ممبران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا وطن اس وقت بہت مشکل میں ہے، گزشتہ کئی سالوں میں معیشت پر کاری ضربیں لگیں، عمران خان آئی ایم ایف کے ہاتھوں پاکستان کو گروی رکھ کر گیا، قسم کھا کر کہتی ہوں پاکستان کی معیشت اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جو کر رہے ہیں وہ فساد ہے،اس کو روکنا جہاد ہے، یہ اتنا نالائق تھا کہ دوست ممالک کو دشمن کی صف میں پھینک دیا، ترکی کے سارے منصوبے تعطل کا شکار ہیں،ترکی کی بزنس کمیونٹی عمران خان سے ناراض ہے۔مریم نواز نے کہا کہ جب سے لانگ مارچ ناکام ہوا عمران خان کے چہرےپر مایوسی ہے، میں نے عمران خان کو مشورہ دیا ایسی حالت میں باہر نہیں آتے ،نیند کی گولیاں کھا کر سو جاتے ہیں، عمران خان نے خود اعتراف کیا میرے لوگوں کے پاس اسلحہ تھا، اس اعتراف کے بعد اسے سیاسی سرگرمی کہنے کا کوئی جواز نہیں، جب آپ کےپاس اسلحہ تھاتوآپ کس نیت سےوفاق پرحملہ آورتھے، زبیر نیازی کے گھر سے اتنا اسلحہ نکلا جیسے وہ جنگ کے لیے جا رہے تھے۔